ریلویزمیں مزیداصلاحات سےمنافع بخش بنایاجاسکتاہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان ریلوے میں ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات دہائیوں سے ناگزیر تھیں اور ان اصلاحات کے ذریعے ادارے کو مزید منافع بخش بنایا جا سکتا ہے، جو ملکی صنعت و تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کی سہولت میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور جاری اصلاحات و ترقیاتی کاموں کے حوالے سے نجی شعبے کے ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
شہبازشریف کااجلاس سےاظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھاکہ معیشت کی مجموعی ترقی، صنعت و تجارت اور دیگر شعبہ جات کی بہتری میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت حکومت کے معاشی اصلاحات کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے قلیل وسائل کے باوجود نہایت تندہی اور محنت سے مؤثر کارکردگی دکھا رہا ہے، جس پر وفاقی وزیر ریلوے اور ان کی پوری ٹیم لائق تحسین ہے۔
شہبازشریف نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلوے تمام متعلقہ اکائیوں اور اداروں سے بامعنی مشاورت کے بعد عملی اقدامات پر مشتمل جامع روڈ میپ اگلے ہفتے پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی معاشی ترقی اور علاقائی تعاون میں اہمیت کے پیش نظر حکومت نے انقلابی اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہے، جن کے اطمینان بخش نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ریلوے کے ڈھانچے کے منافع بخش کمرشل استعمال کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات کا بھرپور جائزہ لینے اور پاکستان ریلوے کے منظم نظم و نسق اور کمرشل سطح پر مؤثر استعمال کے لیے جامع اور قابل عمل حکمت عملی جلد مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔
اجلاس میں شریک نجی شعبے کے ماہرین نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس کے کمرشل استعمال کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں، جن پر وزیراعظم نے اظہار تشکر کیا۔
