اسلام آباد،راولپنڈی میں پھربارش سے تباہی،سیدپورنالہ بپھرگیا

راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک بار پھرموسلادھار بارش ہوئی اور سید پور کے نالے میں طغیانی کی وجہ سے گاڑی بہہ گئی۔
راولپنڈی کے نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا سیدپور میں سب سے زیادہ 124 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ گولڑہ میں 46 ملی میٹر اور پی ایم ڈی کے مقام پر 16 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کی تصدیق ایم ڈی واسا نے کی۔
بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، کٹاریاں کے مقام پر سطحِ آب 10 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 5 فٹ تک پہنچ گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیدپور میں غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوئی، جس سے طغیانی میں شدت آئی اور ایک گاڑی نالے میں جاگری۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے، اور تجاوزات کی موجودگی اس کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیدپور اور دیگر متاثرہ علاقوں سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور مکمل صفائی تک کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
