رجنی کانت کو فلمی دنیا میں 50 برس مکمل

تامل فلم انڈسٹری کے سپر سٹار رجنی کانت کے فلمی کیریئر کے 50 سال مکمل ہونے پر ان کے مداحوں کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ جشن منایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، مدورائی سے تعلق رکھنے والے کارتک نامی مداح نے اس موقع پر رجنی کانت سے عقیدت کا انوکھا اظہار کرتے ہوئے ‘رجنی کانت مندر’ کو اداکار کی 5,500 سے زائد تصاویر سے سجا دیا۔ کارتک نے نہ صرف مندر کی تزئین کی بلکہ سپر سٹار کے بت کو غسل دے کر اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار بھی کیا۔

یہ مندر چند برس قبل مدورائی میں تعمیر کیا گیا تھا، جس میں رجنی کانت کا 300 کلو وزنی مجسمہ نصب ہے۔ یہ مندر مداحوں کے جذباتی لگاؤ اور رجنی کانت کی نسل در نسل قائم مقبولیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

رجنی کانت نے 1975 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور پانچ دہائیوں پر محیط اس سفر میں وہ تامل سنیما کے صف اول کے اداکار کے طور پر خود کو منوا چکے ہیں۔ 74 سال کی عمر میں بھی وہ فلمی اسکرین پر متحرک ہیں اور 100 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

Back to top button