راکھی ساونت کابھارتی وزیراعلیٰ سے مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے پر سرِعام معافی کا مطالبہ

بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے سرِعام معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

راکھی ساونت نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ نتیش کمار کو اس واقعے پر میڈیا کو بلا کر متاثرہ خاتون کو بہن قرار دے کر سب کے سامنے معافی مانگنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی مسلم خاتون کے پردے پر اس طرح کا حملہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

راکھی ساونت نے کہا کہ وہ نتیش کمار کو اپنا پسندیدہ لیڈر سمجھتی تھیں، تاہم اس واقعے نے انہیں شدید مایوس کیا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح سرِ بازار کسی کی دھوتی کھینچ لی جائے تو کیسا محسوس ہوگا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسلام میں عورت کو نقاب اور پردے کا حکم دیا گیا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ زبردستی کسی خاتون کے پردے کو ہاتھ لگائے۔ انہوں نے زور دیا کہ عورت کی عزت پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب عامر خان کی فلم دنگل سے شہرت پانے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی بہار کے وزیراعلیٰ کے اس عمل کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے وزیراعلیٰ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

زائرہ وسیم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عورت کا وقار اور سجاوٹ کوئی کھلونا نہیں، خاص طور پر عوامی پلیٹ فارم پر ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان خاتون کی حیثیت سے کسی دوسری عورت کا نقاب اس طرح ہٹایا جانا اور اس پر بے پروائی انتہائی اشتعال انگیز ہے۔ ان کے مطابق طاقت کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی اپنی حدود سے تجاوز کرے۔

Back to top button