آیت اللہ خامنہ ای کے چہلم پر ایران بھر میں ریلیوں کاانعقاد

ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک بھر میں لاکھوں افراد نے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای، اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور میناب اسکول کے بچوں کے چہلم کی مناسبت سے ریلیاں نکالیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح شروع ہونے والی مرکزی ریلی جمہوری سکوائر سے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے مقام تک نکالی گئی۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کے متعدد شہروں اور اضلاع میں بھی اسی نوعیت کی ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے گئے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بھی سید علی خامنہ ای کے چہلم کے جلوس میں شریک ہوئے، اس دوران وہ عوام میں گھل مل گئے اور شہریوں نے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
واضح رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے پہلے روز اپنے چند اہلِ خانہ سمیت شہید ہوئے تھے۔
ان کے ساتھ ایران کے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور مشیران بھی شہید ہوئےتھے جن میں میجر جنرل عبدالرحیم موسوی، ریئر ایڈمرل علی شمخانی اور میجر جنرل محمد پاکپور شامل تھے۔
