پورے ملک رمضان المبارک کا آغاز ایک ساتھ ہوگا، مولانا عبد الخبیر آزاد

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس پشاور میں منعقد ہو رہا ہے اور رمضان المبارک کا چاند اسی مقام پر دیکھا جائے گا، جس کے بعد پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب قومیں متحد ہوتی ہیں تو ملک ترقی کرتا ہے، تاہم دشمن چالاک ہے اور دو ممالک ہمارے خلاف مل گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی میں اللہ نے ہمیں بنیان المرصوص میں فتح دی، اور بلوچستان و اسلام آباد میں دہشت گردانہ حملے ہوئے۔
مولانا آزاد نے بتایا کہ اسلام آباد میں سجدہ ریز افراد پر دھماکہ ہوا، باجوڑ کی مسجد میں بھی حملہ ہوا، لیکن دشمن کا ایجنڈا پورے پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ پیغام پاکستان نے خودکش حملوں کو حرام قرار دیا ہے اور فوج و قوم عاصم منیر کی قیادت میں بیدار ہیں۔
عودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا،کل پہلا…
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ رمضان کے استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور پشاور میں تمام مکاتب فکر کے علماء، ماہرین فلکیات اور دیگر ماہرین اجلاس میں شریک ہیں۔ تمام صوبوں میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس بیک وقت منعقد ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ اس مرتبہ پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کی پیش گوئی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کی شام انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو متوقع ہے۔
سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا، اور 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی، جسے انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکے گا۔
