ایجنڈا تو سامنے لائیں، رانا ثنا اللہ کی اپوزیشن اتحاد کو مذاکرات کی پیشکش

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد اپنا ایجنڈا سامنے لائے، حکومت بات چیت کےلیے تیار ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے اپوزیشن کو اسلام آباد میں کانفرنس کرنے سے نہیں روکا، حزب اختلاف کے رہنما اس معاملے پر سچ بولیں۔
محمود اچکزئی اور شاہد خاقان عباسی کے اپوزیشن اتحاد میں ہونے سے حکمت پیدا ہوگی، کیوں کہ جب معاملہ فہم لوگ آگے آئیں گے تو بات چیت کی راہ ہموار ہوگی۔بات چیت ہی تمام مسائل کا حل ہے لیکن 25 اور 26 نومبر کی رات کو کون مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بنا ہمیں سب معلوم ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ کاکہنا ہےکہ پیپلز پارٹی سے اتحاد قائم رکھنا ان کی اور ہماری مجبوری ہے، ہمارے اپنے ارکان کو بھی گلےشکوے رہتے ہیں۔ پی پی کو معلوم ہےکہ نہ ہمارے بغیر وہ حکومت بنا سکتے ہیں اور نہ ان کے بغیر ہم حکومت چلا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے،حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہر لحاظ سے بہتر ہے۔
قومی اسمبلی کا پہلا پارلیمانی سال مکمل،47قوانین منظور
انہوں نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں،جمہوریت ڈائیلاگ سے ہی آگے بڑھتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں، حکومت کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا ہےکہ حکومت نے معاملات کو ٹھنڈا کرنا اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، اپوزیشن کا گرینڈ اتحاد ملک کی سیاست اور جمہوریت کےلیے بہتر ہو گا۔
