راناثنااللہ نے مولانافضل الرحمان سے ملاقاتوں کو نتیجہ خیز قراردیدیا

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کو نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں بے نتیجہ نہیں نکلیں بلکہ نتیجہ خیز ہیں، مولانا اور بلاول بھٹو نے مشاورت کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو جمہوریت کے لیے اچھا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ مشاورت کا دائرہ وسیع کرنے کی بات سیاسی نظام کے لیے بہتر ہے، یہ بے نتیجہ یا ہارجیت والی بات نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اجلاس غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی ہوجائے گا تاکہ مشاورت کا عمل مکمل ہو، چار دن سے جو کمیٹی کا اجلاس ہوا وہ اتفاق رائے کے لیے ہی تھا۔
واضح رہے کل ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کو مسودہ پیش کیا جانا تھا مگر رات گئے تک حکومت کو ترامیم کی منظوری کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ ملنے پر اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ملتوی کرکے آج پھر اجلاس طلب کیے تھے۔
آج دونوں ایوانوں کے اجلاس شروع ہونے کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مولانا فضل الرحمٰن آئینی ترمیم سےمتعلق تیار نہیں تھےاور آج بھی یہی صورت حال ہے، تو جب تک جے یو آئی ف کےسربراہ سمیت دیگر اتحادیوں کو مطمئن نہیں کردیا جاتاتب تک کابینہ سےمنظوری بھی نہیں ہوگی اور قومی اسمبلی میں بھی بل پیش نہیں کیاجائے گا۔
ایم کیو ایم کاآئینی ترمیم کامسودہ نہ ملنےکاشکوہ
خیال رہے کہ عدلیہ سےمتعلق آئینی ترامیم سے متعلق بل حکمران اتحاد کی بھرپور کوششوں کےباوجود اتوار کو بھی پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جاسکا، کیونکہ حکومت آئینی ترمیم کی منظوری کےلیے درکار دوتہائی ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
