مصر میں 4 ہزار سال پرانے انسانی ہاتھ کا نادر نشان دریافت

مصر میں 4,000 سال پرانے انسانی ہاتھ کا مکمل نشان دریافت ہوا ہے، جسے ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک نایاب اور شاندار دریافت قرار دیا ہے۔

یہ انکشاف کیمبرج یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے کیا، جنہوں نے مصر کے ایک قدیم مٹی سے بنے ماڈل پر انسانی ہاتھ کا واضح اور مکمل نشان دریافت کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نشان غالباً اُس کاریگر کا ہے جس نے مٹی کے خشک ہونے سے پہلے اسے چھوا تھا۔

برطانیہ کے فٹز ولیم میوزیم کی سینیئر ماہرِ مصریات ڈاکٹر اسٹرڈوک کا کہنا تھا کہ "ہم نے اس سے قبل تابوتوں یا دیگر سجاوٹی اشیاء پر گیلی وارنش میں انگلیوں کے نشانات دیکھے ہیں، لیکن اس طرح کا مکمل ہاتھ کا نشان پہلی بار سامنے آیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: "میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی مصری نوادرات پر اتنا واضح اور مکمل ہاتھ کا نشان نہیں دیکھا۔ یہ ہمیں براہِ راست اُس لمحے سے جوڑتا ہے جب یہ چیز تخلیق کی گئی تھی اور اُس فرد سے جس نے اپنے ہاتھوں سے اسے بنایا۔ یہی ہماری موجودہ نمائش کا مرکزی پہلو ہے۔”

یہ دریافت آثارِ قدیمہ کے میدان میں ایک غیرمعمولی اضافہ تصور کی جا رہی ہے، جو قدیم مصری تہذیب کے فنی اور ثقافتی پہلوؤں پر روشنی ڈالتی ہے۔

Back to top button