راولپنڈی: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرنل (ر) اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے

پنجاب میں جاری شدید مون سون بارشوں کے دوران راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار سوار باپ اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔
واقعہ منگل کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 5 میں اس وقت پیش آیا جب ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ کار میں سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ایک سڑک سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جو شدید بارش کے باعث برساتی نالے میں تبدیل ہو چکی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود گاڑی گزارنے کی کوشش کی گئی، تاہم پانی اتنا تیز تھا کہ گاڑی سمیت دونوں افراد بہہ گئے۔ متاثرہ باپ بیٹی مدد کے لیے پکار رہے تھے، لیکن پانی کا بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی دیکھتے ہی دیکھتے نالے میں بہہ گئی۔
ریسکیو 1122، پولیس، ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ اور غوطہ خور ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، جو تاحال جاری ہے۔
سینیٹ کے تمام ٹکٹ عمران خان کی مشاورت سے دیے : بیرسٹر گوہر
ریسکیو ذرائع کے مطابق، اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ سرمئی رنگ کی کار میں گھر سے نکلے تھے۔ راستے میں ایک مقام پر شدید بارش کے باعث پانی جمع ہو چکا تھا جس کے باعث گاڑی بند ہو گئی۔ اسحاق قاضی گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک پانی کا ریلا آیا اور دونوں افراد کو ساتھ بہا لے گیا۔
پنجاب بھر میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے اور متعدد علاقوں سے سیلابی مناظر کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ برسات کے دوران ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
