قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے تفرقہ انگیز عناصر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور مستعد ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں میں مزید بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ جنگی ماحول میں پھرتی، درستگی، مؤثر صورتحال سے آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے گفتگو بھی کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

انہوں نے مشن پر مبنی سخت تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجز اور انتہا پسند نظریات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور قومی استحکام کے خلاف سرگرم عناصر کے مقابلے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

Back to top button