ایران اورامریکہ کے مابین مذاکرا ت کی میزبانی کیلئے تیار ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ پاکستان  جاری  بحران کے خاتمےکے لیے بامقصد  مذاکرات کی  میزبانی کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف نےکہا ہےکہ امریکا اور ایران کی رضامندی کی صورت میں مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔خطے اور دنیا بھرمیں امن واستحکام کےلیے مذاکرات ضروری ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان  مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمےکے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور  تنازع کے جامع تصفیے اور بامعنی مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور اسے اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاتھا۔

گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا اگر فریقین راضی ہیں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

 

 

Back to top button