پی آئی اے کی بحالی کےلیے میرا تن، من اور دھن حاضر ہے: گوہر اعجاز

معروف کاروباری شخصیت اور سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کےلیے بولی ہورہی ہے، پی آئی اے کی بولی جو بھی جیتے، جیت پاکستان کی ہوگی، پی آئی اے کی بحالی کےلیے میرا تن، من اور دھن حاضر ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ پی آئی اے کے شاندار ماضی کی بحالی کےلیے ہم اپنا سب کچھ قربان کرکے آگے بڑھ رہے ہیں۔
معروف کاروباری شخصیت گوہر اعجاز نے کہا کہ بولی جیتنے والا پی آئی اے کی شاندار ماضی کو بحال کرےگا، بولی جیتنے والا پی آئی اے کا عظیم سلوگن بحال کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ نجکاری کمیشن نے پاکستان کے بڑے بزنس گروپس کو بولی میں شامل کرنے کےلیے بہترین کوششیں کی ہیں۔نجکاری کمیشن نے بزنس گروپس کو پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز اور منیجمنٹ کی آفر دی ہے،گذشتہ 20 برس میں پی آئی اے نے 800 ارب روپے کا خسارہ کیا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث قومی ایئرلائن کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، ایک محب وطن پاکستانی کے طور پر میرے سارے وسائل قومی مفاد کےلیے حاضر ہیں، پی آئی اے بہت جلد عظمت کی اڑان بھرے گی، پوری قوم پی آئی اے پر فخر محسوس کرے گی۔
