سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے توانائی منصوبے متاثر

سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے توانائی منصوبے متاثر، تیل پیداواری صلاحیت میں یومیہ لاکھوں بیرل کمی ریکارڈ ہوئی۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک تیل پمپنگ سٹیشن پر حملے سے 7 لاکھ بیرل یومیہ ترسیل متاثر ہوئی، منیفہ اور خریص آئل فیلڈز پر حملوں سے پیداوار یومیہ 3 لاکھ بیرل کم ہوئی، سعودی عرب کی تیل پیداواری صلاحیت میں یومیہ 6 لاکھ بیرل کمی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایاگیا کہ جبیل میں سٹورپ، راس تنورہ، ینبع میں سامرف اور ریاض ریفائنری جیسے بڑے پلانٹس بھی متاثر ہوئے اور پلانٹس متاثر ہونے سے عالمی منڈی کو تیل کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق جُعیمہ کے پروسیسنگ پلانٹس میں آگ لگنے سے ایل پی جی کی برآمدات متاثر ہوئیں، ان حملوں میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 7 سعودی شہری زخمی ہوئے۔
سعودی نیوز ایجنسی نے رپورٹ میں خبردار کیاکہ اگر یہ حملے جاری رہے تو عالمی تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوگی۔
