سرخ گوشت کے استعمال سے ذیابیطس کی شرح بڑھنےکاخدشہ

ماہرین صحت کاکہناہے کہ سرخ گوشت کے استعمال سے ذیابیطس کی شرح خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق میں ماہرین نے پایا ہے کہ جن افراد کی خوراک میں سرخ گوشت (ریڈ میٹ) زیادہ شامل ہوتا ہے، ان میں ذیابیطس ہونے کا امکان اُن لوگوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جو کم گوشت کھاتے ہیں۔
یہ مطالعہ برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوا، جس میں پروسیسڈ اور غیر پروسیسڈ سرخ گوشت کے استعمال اور ذیابیطس کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے 34 ہزار سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد سب سے زیادہ سرخ گوشت کھاتے تھے، ان میں ذیابیطس کی شرح نمایاں طور پر زیادہ تھی، حتیٰ کہ عمر، وزن، طرزِ زندگی اور دیگر غذائی عوامل کو مدنظر رکھنے کے باوجود بھی یہ نتیجہ سامنے آیا۔
سب سے زیادہ گوشت کھانے والے افراد میں ذیابیطس ہونے کا امکان تقریباً 49 فیصد زیادہ پایا گیا۔
پروسیسڈ گوشت اور غیر پروسیسڈ گوشت دونوں ہی ذیابیطس کے خطرے سے جُڑے ہوئے تھے۔ روزانہ گوشت کی ایک اضافی سروِنگ ذیابیطس کے امکانات کو 16 فیصد بڑھا دیتی ہے۔
