عام عوام پر ٹیکس بوجھ میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنا کر ملکی آمدنی میں اضافہ اور عام شہری پر ٹیکس کا دباؤ کم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے ایف بی آر میں جاری اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، اور چیئرمین ایف بی آر بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کے افسران اور اصلاحاتی عمل میں شامل ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تک قابل عمل اہداف اور ان کی تکمیل کے وقت کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے۔

اپنی گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سے ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار اور مؤثر نظام کے قیام کو یقینی بنایا جائے، اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے کے لیے انفورسمنٹ سے متعلق مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے ڈیجیٹل وِنگ کی ازسرنو تشکیل کے لیے واضح اہداف اور ان کی مدت طے کی جائے، اور ٹیکس اصلاحات کے نفاذ میں کاروباری طبقے، تاجر برادری اور ٹیکس دہندگان کی آسانی کو مدنظر رکھا جائے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر دہرایا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے ذریعے نہ صرف سرکاری آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام پر مالی دباؤ بھی کم ہوگا۔

Back to top button