رانا ثنا اللہ کی عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیش کش کی تردید

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیش کش کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کی معلومات کے مطابق ایسی کوئی آفر نہیں کی گئی۔

حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سےکوئی پیش رفت یا کوئی گفتگو نہیں ہوئی، عمران خان اپنی بات کو بڑھانے کےلیے کہہ رہےہیں کہ مجھے آفر ہوئی ہے۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنااللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ کےساتھ کوئی بیک ڈور چینل نہیں کھلا ہوا، پہلےبھی انہیں کسی نے نہیں کہا تھاکہ 15 دنوں میں عمران خان کو رہا کردیا جائے گا۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے نہ ہمیں مذاکرات کا کہاگیا ہے نہ روکاگیا ہے،پی ٹی آئی مذاکراتی میز پرآئی ہےتو ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

مذاکرات میں پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آپ ضمانتوں میں حائل نہ ہوں،ہم نےجواب دیاکہ اس پر قیادت سے مشاورت کے بعد بات ہوسکتی ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ اگر آج پی ٹی آئی تحریری مطالبات پیش کردیتی تو اگلے ہفتے کے اجلاس میں ہم اس کا جواب دےدیتے کہ کیا ہوسکتا ہے اور کیا نہیں ہوسکتا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہاکہ کوئی بھی جیل میں ہوگا تو اس کی خواہش رہا ہونےہی کی ہوگی، مذاکرات میں علی امین گنڈاپور،سلمان اکرام راجہ، عمر ایوب موجود تھے،تینوں نے بہت ہی مثبت انداز میں اپنا مؤقف پیش کیا، گنڈاپور نے کہاکہ ملک کےلیے مذاکرات کو کامیاب بنانا چاہیئے،خالد مگسی اور اعجاز الحق بھی آج مذاکرات میں شامل تھے۔

رانا ثنا اللہ نےکہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ علی امین گنڈا پور بالکل تصادم نہیں چاہتے،تصادم نہ ان کےلیے اور نہ ہی ان کی پارٹی کےلیے اچھا ہے،جو بیانات وہ باہر دیتے ہیں وہ صرف کارکنوں کی تسلی کےلیے دیے جاتے ہیں،جو لوگ بھی آج موجود تھے سب مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں۔

وقت آنے پر زرداری، نواز اور عمران بھی بیٹھ سکتے ہیں: راجہ پرویز اشرف

رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیش کش کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کی معلومات کے مطابق ایسی کوئی آفر نہیں کی گئی باقی علی امین گنڈاپور اگر کسی اور جگہ سے پیغام لیتےہیں تو معلوم نہیں، جوڈیشل کمیشن بننا مشکل نہیں لیکن اس کے کچھ ٹرمز ہوتے ہیں، اس پر بھی تفصیلی بات ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی تحریری طور پر جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس بتائےگی جب وہ تجاویز دیں گے تو اس پر مزید بات ہوگی،جو مذاکرات ہو رہے ہیں وہ دونوں جانب کی لیڈر شپ کے درمیان ہو رہے ہیں،پی ٹی آئی ٹیم خود سے فیصلہ نہیں کرسکتی،پی ٹی آئی ہر فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے ہی کرےگی،ہم بھی نواز شریف سے مشاورت کر کے ہی فیصلہ کریں گے۔

Back to top button