بزدارکی تبدیلی سے انکار،ترین گروپ بولڈ فیصلوں کیلئے تیار
وزیراعظم عمران خان کے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے سے انکارپر جہانگیرترین گروپ نے بولڈ فیصلے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے.
ذرائع کے مطابق حکومت اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان مفاہمت کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سردار عثمان بزدار کو تبدیل کرنے سے انکار کردیا گیا ہے، جس کے بعد ترین گروپ بولڈ فیصلے لینے کو تیار ہوچکا ہے۔جہانگیر ترین گروپ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا آپشن کھلا رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اوردیگر جماعتوں سے رابطوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
جہانگیر ترین اورعلیم خان کی اپوزیشن کی اہم ترین شخصیت سے لندن میں ملاقات کا امکان ہے، اتحادیوں کے اپوزیشن کے ساتھ سنجیدہ رابطوں کے تناظر میں ترین گروپ تحریک عدم اعتماد میں وزیر اعظم کو ”سرپرائز“ دے سکتا ہے، ترین گروپ پنجاب میں مضبوط انفرادی گروپ کی حیثیت سے مستقبل میں سیاسی کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزیراعظم کی کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر بہادر آباد آمد
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کے حامی ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس آئندہ چند روز میں لاہور میں منعقد ہوگا، فیصل آباد اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 2 صوبائی وزراء نے علیم خان سے رابطہ کیا ہے اور ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
ادھر ن لیگ کی قیادت کے رابطے کے بعد آج پھر ترین گروپ کا اجلاس ہورہا ہے، یہ اس گروپ کا مسلسل تیسرے روز اجلاس ہے، آج ہونے والا اجلاس نعمان خان لنگڑیال کی رہائش گاہ پر ہورہا ہے، جس میں میزبان کے علاوہ عون چوہدری، اجمل چیمہ اور طاہر رندھاوا موجود ہیں، اجلاس میں سیاسی صورتحال اورمسلم لیگ ن سے ہونے والےرابطے پربات چیت ہورہی ہے۔