چھوٹے قد کے بڑے فنکار، نامور کامیڈین جاوید کوڈو انتقال کر گئے

مزاحیہ اداکاری سے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرے والے اسٹیج اور ٹی وی کے نامور اداکار کامیڈین جاوید کوڈو انتقال کر گئے
جاوید کوڈو ایک عرصہ سے علیل اور جنرل اسپتال میں زیر علاج تھے،جاوید کوڈو اپنے پستہ قد کی وجہ سے مقبول رہے،انہوں نے بے شمار اسٹیج ڈراموں فلموں اور ٹی وی پر کام کیا۔جاوید کوڈو 45 سال سے میڈیا انڈسٹری کی خدمت کر رہے تھے۔ان کے قابل ذکر پاکستانی ڈراموں میں عینک والا جن اور آشیانہ شامل ہیں۔
جاوید کوڈو نے اب تک اسٹیج ڈراموں سمیت 150 فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔جاوید کوڈو نے اپنے کیریئر کا آغاز 1981 میں ڈرامہ سودے باز سے کیا، انہوں نے 150 پنجابی اور اردو فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کا ڈرامہ ’آشیانہ‘ آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ایک انٹرویو میں جاوید کوڈو نے بتایا تھا کہ انہیں متعدد بیماریاں لاحق ہیں۔ ان کا بتانا تھا کہ مجھے برین ہیمرج ہوا اور میں مفلوج ہوگیا، اس کے علاوہ میں دل کی بیماری میں بھی مبتلا ہوں۔ میرے پیٹ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
جاوید کوڈو نے اپنے ساتھی ادا کاروں کے رویے کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل ہر کوئی مالی مسائل کا شکار ہے، امید تھی کہ میرے دوست میری مدد کریں گے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ بھی مہنگائی کی وجہ سے مشکل حالات میں ہیں۔