27ویں آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کونسل، پریکٹس اینڈ پروسیجر کی تشکیلِ نو

27ویں آئینی ترمیم کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل، جوڈیشل کمیشن اور پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیلِ نو کر دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے جسٹس جمال خان مندوخیل کو سپریم جوڈیشل کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ اسی طرح جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر اور جسٹس جمال خان مندوخیل کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ ہوں گے، جبکہ چیف جسٹس امین الدین خان کونسل کے دوسرے سینئر رکن ہوں گے۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن رضوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوں گے۔ جسٹس مندوخیل کی نامزدگی دونوں چیف جسٹس صاحبان کے باہمی مشورے سے کی گئی۔

تشکیلِ نو کے تحت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی ہوں گے۔ چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن رضوی اور جسٹس عامر فاروق جوڈیشل کمیشن کے اراکین ہوں گے۔

اس کے علاوہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، حکومت اور اپوزیشن کے دو دو پارلیمانی اراکین، پاکستان بار کونسل کا نامزد وکیل اور اسپیکر قومی اسمبلی کی نامزد خاتون رکن بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

Back to top button