ضلع جنوبی وزیرستان کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی نے ضلع جنوبی وزیرستان کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
یہ قرارداد رکنِ صوبائی اسمبلی آصف خان نے اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران پیش کی۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جنوبی وزیرستان خیبرپختونخوا کا حصہ ہے، جہاں اکثریتی طور پر محسود قبیلہ آباد ہے، جس کی آبادی کا تناسب 90 فیصد سے زائد ہے۔
آصف خان نے کہا کہ ضلع کے موجودہ نام میں مقامی ثقافت کی درست ترجمانی نہیں ہوتی، اور یہ خطے کی غالب نسلی و ثقافتی شناخت کو اجاگر نہیں کرتا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ضلع کا نام تبدیل کرکے "محسود وزیرستان” رکھا جائے، تاکہ مقامی آبادی کی ثقافتی پہچان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، جس کے بعد اب یہ تجویز محکمانہ کارروائی اور حتمی منظوری کے لیے متعلقہ حکام کو ارسال کی جائے گی۔
