ملازمین کی برطرفی کا قانون گورنر کنڈی کے تحفظات کے ساتھ منظور

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملازمین کی برطرفی کا قانون 2025 تحفظات کے ساتھ منظور کرلیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نےسپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں بل پر اپنے اعتراضات بھی رجسٹر کرائے۔

گورنر فیصل کنڈی نے صوبائی حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بل پر نظرثانی کرے ورنہ عدالتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، انہوں نے شفافیت اور انصاف کے لیے بل میں ترامیم کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے گورنر  فیصل کریم کنڈی نے بل میں ترامیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا بل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ان کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کی اجازت سے بھرتی کیے گئے ملازمین کو استثنیٰ دیا جائے۔

غیر قانونی بھرتیوں کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ملازمین کو اپیل کے حق سے محروم کرنا آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے جبکہ ماضی میں کی گئی قانونی بھرتیوں کو کالعدم قرار دینا غیر آئینی ہے۔

Back to top button