امارات کورقم کی واپسی:پاکستان کوسعودی عرب اورقطر سے5ارب ڈالرزملنےکاامکان

ترک میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو رقم واپس کرنے کیلئےسعودی عرب اور قطر سےپاکستان کو 5 ارب ڈالرزملنےکاامکان ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ اور اخراجات کے پیش نظر پاکستان کو اپنی مالی مدد کا یقین دلایا۔
ترک میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں پاکستان نے سعودی عرب سے مزید مالی امداد کی درخواست کی جس میں موجودہ نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور تیل کی سہولت کی مدت میں توسیع شامل ہے جو رواں ماہ کے آخر میں ختم ہونے والی ہے۔
اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام نے شرکت کی، ملاقات کا محور اقتصادی تعاون اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی صورتحال رہی۔
ترک میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر زکی مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے پاکستان کو کمزور زرِ مبادلہ ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور بیرونی ادائیگیاں کرنے میں مدد ملے گی۔
سینیئر پاکستانی اہلکار کے مطابق پاکستان اپریل کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالرز کا قرض واپس کرے گا کیونکہ ابوظبی نے فوری ادائیگی کی درخواست کی ہے۔
پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً 16.4 ارب ڈالرز ہیں۔
