ہائی آکٹین فیول پر فی لیٹر 200 روپے اضافی لیوی عائد

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر فی لیٹر 200 روپے اضافی لیوی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں اضافہ کیا جائے۔ اس کے تحت پہلے سے موجود 100 روپے فی لیٹر لیوی میں 200 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی لیوی 300 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نئے فیصلے کے بعد ہائی آکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ملک میں ایچ او بی سی کی قیمت بڑھ کر 535 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

پٹرول اور ڈیزل پر لیوی برقرار، مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے حکومت کو ماہانہ تقریباً 9 ارب روپے کی بچت ہوگی، جسے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد معیشت پر بوجھ کم کرنا اور زیادہ وسائل رکھنے والے طبقے کو اضافی بوجھ کا حصہ دار بنانا ہے۔

مزید وضاحت کی گئی کہ عام صارفین اور درمیانے طبقے کی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ اسی طرح اس فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور فضائی کرایوں پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Back to top button