صدر زرداری کے استعفیٰ کی افواہیں گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں، شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، گمراہ کن اور جمہوری نظام کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے واضح کیا کہ "یہ افواہیں ایک منظم منصوبے کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا مقصد جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنا اور عوام میں بےیقینی پیدا کرنا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اس طرح کی جعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور افواہوں کا حصہ نہ بنیں۔
شیری رحمٰن نے صدر زرداری کی جمہوری جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا "صدر آصف زرداری نے ہر نازک وقت میں جمہوریت کا علم بلند رکھا ہے۔ وہ جمہوری استحکام کی علامت اور آئینی اصولوں کے سچے محافظ ہیں۔”
عمران خان کا دوٹوک انکار، پرویز الٰہی نے مفاہمت کو وقت کی ضرورت قرار دے دیا
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے اپنی سیاسی بصیرت سے تمام اختیارات پارلیمان کو منتقل کیے، جو پارلیمانی جمہوریت کی مضبوطی کی بنیاد بنے۔
شیری رحمٰن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "آج صدر زرداری اتحادی حکومت کے استحکام اور توازن کا اہم ستون ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دی، اور ان کی موجودگی ہی آئینی تسلسل اور جمہوری اداروں کی بقا کی ضمانت ہے۔”
