روس کی پاکستان کو سستاتیل فروخت کرنےکی پیشکش

پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے رابطہ کیا تو روس اسے سستا تیل فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو تیل بیچنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان بھی اس صورتحال سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

البرٹ پی خوریف نے کہا کہ تیل کی خریداری کے لیے پاکستان کے روس سے رابطے کا ابھی تک میرے علم میں نہیں، پاکستان نے رابطہ کیا تو اسے سستا تیل دیں گے، توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کا اہم ترین ستون ہے۔

روسی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کئی دہائیوں سے فوجی اور تکنیکی تعاون ہے، ایران کا ردعمل امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف تھا جوخلیجی آبناؤں میں موجود ہیں، ایران کی کارروائیوں اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مزید کچھ نہیں کہنا،صورتحال غیریقینی ہے۔

البرٹ پی خوریف کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی فوجی مہم جوئی پر پوری دنیا حیران ہے، موجودہ کشیدگی کب اورکیسے ختم ہوگی، اس کی پیشگوئی ممکن نہیں، صورتحال پیچیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایران میں بچیوں کے اسکول پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایران میں اسکول پر حملے میں 170 بچوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے، تمام فریقین سے مطالبہ ہے کہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں، مسائل کا حل اقوام متحدہ کے چارٹرکے تحت سیاسی وسفارتی طریقے سے نکالا جائے۔

روسی سفیر نے کہا کہ امریکا اوراسرائیل نے ایران پرطاقت کا استعمال کرکے بحران کو مزید بڑھایا، امریکا اور اسرائیل ایران کی قیادت کو کمزورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، اسلامی دنیا میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Back to top button