روسی صدر پیوٹن نے یورپ کو گیس سپلائی بند کا عندیہ دیدیا

روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایران میں جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر روس یورپ کو اپنی گیس کی سپلائی روکنے کے امکانات پر غور کر سکتا ہے۔

پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے روسی گیس اور ایل این جی پر پابندیاں عائد کرنے کی کوششیں توانائی کے شعبے میں نئی صورتحال پیدا کر رہی ہیں۔ ان کے بقول اگر روس پر مزید پابندیاں لگائی گئیں تو ماسکو کے لیے دوسری عالمی منڈیوں، خاص طور پر ایشیائی مارکیٹوں کی طرف رخ کرنا زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ کی جانب سے روسی توانائی پر انحصار کم کرنے کے بعد روس چین اور دیگر ایشیائی ممالک کی مارکیٹوں میں توانائی کی برآمدات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر روس یورپ کو گیس کی فراہمی محدود کرتا ہے تو اس سے نہ صرف یورپی توانائی بحران بڑھ سکتا ہے بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ میں مزید عدم استحکام بھی پیدا ہوگا۔

Back to top button