صاحبزادہ فرحان نے احمد شہزاد کو اپناآئیڈل قرار دیدیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نمیبیا کےخلاف شاندار سنچری سکور کرنے والے پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نےاحمد شہزاد کو اپنا آئیڈل قرار دیدیا۔
کولمبو میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےاہم میچ میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
میچ کے بعد سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے بتایا کہ شروع میں وکٹ تھوڑا مشکل تھا، صائم اور میں ایسے بیٹر ہیں کہ گیند تیز آئے، پر پچ کی وجہ سے یہاں گیند پھنس کر آرہا تھا۔میں نے صائم ، سلمان آغا کو یہی کہا تھا کہ تھوڑا وقت لیں گے، پارٹنرشپ لگائیں تو اسکور اچھا ہوسکتا ہےاور ہم نے یہی کیا۔
وسیم اکرم نے صاحبزادہ فرحان سے ان کے کرکٹ آئیڈل کا پوچھا تو پاکستانی اوپنر نے جواب دیا کہ میں نے کرکٹ احمد شہزاد کو دیکھ کر شروع کی وہ میرے کرکٹ آئیڈل ہیں۔
صاحبزادہ فرحان نے کہاکہ احمد شہزاد میرے فیورٹ کرکٹر ہیں، میں نے جب کرکٹ شروع کی تو ان کے ساتھ ڈومیسٹک میں کھیلا۔سچ بات یہی ہے کہ احمد شہزاد میرے آئیڈل ہیں، ان کو فالو کرتا ہوں، کبھی بیٹنگ میں کوئی مسئلہ ہو تو ان سے رہنمائی لیتا ہوں۔
