سیف علی خان گھر میں ڈکیتی مزاحمت پرزخمی،ہسپتال منتقل

بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپورکےگھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی اور مزاحمت پر اداکار زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاحمت پرسیف علی خان زخمی ہوگئے جنہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ رات 2 بج کر30 منٹ پر  ممبئی میں باندرا میں اداکار کے گھر  پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نامعلوم شخص نےچوری کی نیت سے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیف علی خان نےمزاحمت کی تو ملزم فرار ہوگیا۔

رپورٹس میں بتایا جارہا ہےکہ اداکار پر چاقو سےحملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، جب کہ گھر والے محفوظ رہے۔

ڈاکٹرزکاکہنا ہےکہ اداکار کی لیلاوتی اسپتال میں سرجری کردی گئی ہے، اسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اُتمانی کے بیان کےمطابق سیف کو چاقو کے وار سے چھ زخم آئے جس میں سے دو کافی گہرے تھے۔ان میں سےایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے نزدیک تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے جب کہ گھر والوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں اور پولیس گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ملزم کی شناخت کی کوشش کررہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور اور2بچوں کےساتھ باندرا کے گھرمیں رہائش پذیر ہیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ سیف کے علاوہ ان کی خاتون ملازمہ پر بھی حملہ ہوا ہےلیکن اب ان کی حالت بہتر ہے۔

تحقیقات کےدوران پولیس نےانکشاف کیا کہ مشتبہ شخص ملحقہ عمارت سےدیوار پھلانگ کر سیف اور کرینہ کےگھر کےاحاطےمیں داخل ہوا جبکہ ملزم کو اداکارکے گھر میں سے کسی شخص نےاندر داخل ہونے میں مدد فراہم کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ممبئی پولیس خدشات کومد نظر رکھتےہوئےحملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس کو سیف علی کےگھرسےحاصل ہوئی سی سی ٹی فوٹیجز سے مشتبہ افراد کی موجودگی نہیں ملی ہے ،علاوہ ازیں عمارت کےسی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کو2 مشتبہ افراد پرشبہ ہے کہ حملہ آور انھیں دونوں میں سے ایک ہے۔

Back to top button