ایاز صادق نے تنخواہ کے معاملے پر خود کو الگ کرلیا، فیصلہ وزیر اعظم پر چھوڑ دیا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے درمیان تنخواہوں کے معاملے پر اختلاف شدت اختیار کرگیا، جس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے وزیر اعظم کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے چیئرمین کی تنخواہوں کے معاملے پر وزیر دفاع کی تنقید کے بعد سپیکر ایاز صادق نے وزیر اعظم کو خط دیا اور اپنی تنخواہ کے تعین کو وزیر اعظم کی صوابدید پر چھوڑ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر نے خط میں مؤقف اپنایا ہے کہ ان کا تنخواہوں کے فیصلے سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی انہیں اس میں کوئی دلچسپی ہے، چاہیں تو ان کی تنخواہ میں اضافہ نہ کیا جائے۔
فوجداری نظامِ انصاف طاقتور اور بااثر افراد کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہے، سپریم کورٹ
سپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق، تنخواہوں سے متعلق فیصلہ کرنا وفاقی کابینہ اور وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے، سپیکر کا اس میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ سپیکر ایاز صادق نے خواجہ آصف کے الزامات کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس بارے میں فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے۔
