بھارتی اداکارہ ثنا خان نے شو "خطروں کے کھلاڑی” کو نہ کیوں کی؟

بھارتی شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے والی اداکارہ ثنا خان نے انکشاف کیا ہے کہ صرف خدا کی عبادت کی خاطر شو "خطروں کے کھلاڑی” کو انکار کیا حالانکہ اس شو کے عوض مجھے ڈھیر سارے پیسوں کی آفر ہوئی تھی۔
چند سال قبل بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثنا خان نے اپنے شوہر انس صیاد کے ساتھ حال ہی میں ایک مذہبی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں بطور اداکارہ کام کرنے کے دوران وہ ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔
کئی ہٹ فلموں میں کام کرنے اور بھارت کے مشہور پروگرام بگ باس میں بھی شرکت کرنے والی سابقہ اداکارہ نے انٹرویو میں انس صیاد سے شادی کرنے اور خدا کے راستے پر چلنے سے پہلے کی زندگی کے بارے میں بتایا، فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے دوران انہیں ایسا لگتا تھا کہ وہ ڈوب رہی ہیں اور وہ عجیب وغریب خواب دیکھتی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کبھی کسی سے بات نہیں کرتی تھیں۔
انٹرویو میں ثنا خان سے سوال پوچھا گیا کہ ایسا کونسا واقعہ تھا جس نے ان کی زندگی کو بدلا، تو اداکارہ نے بتایا کہ 2019 جذباتی طور پر ان کے لیے بہت مشکل تھا، یہ 2019 تھا جب انہوں نے سکارف لیا اور خدا کے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا۔
اپنی زندگی کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انس سے شادی کرنے سے پہلے مجھے روہت شیٹھی کے ایکشن سے بھرپور شو خطروں کے کھلاڑی کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے اس میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں خدا کی عبادت کرنے کا فیصلہ کر چکی تھی۔
دورانِ انٹرویو ان کے شوہر انس صیاد نے بتایا کہ لاک ڈاؤن ختم ہو رہا تھا تو ثنا کو خطروں کے کھلاڑی کی پیشکش کی گئی حالانکہ اس شو کی شوٹنگ عام طور پر جنوبی افریقہ میں ہوتی ہے لیکن اس سال اس کی شوٹنگ بھارت ہی میں ہو رہی تھی۔
اداکارہ کے شوہر نے بتایا کہ انہوں نے ثنا کو کہا کہ اگر وہ یہ شو کرنا چاہتی ہیں تو کرلیں، اس وقت ہماری شادی نہیں ہوئی تھی، میں نے سوچا کہ ہم تھوڑا سا ایڈجسٹ کر لیں گے تھوڑا سا وہ سمجھ جائیں گی، سابقہ اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ میں جانتی تھی کہ اگر میں وہاں جاتی ہوں تو حالات بدل جائیں گے کیونکہ بدقسمتی سے شیطان بہت طاقتور ہے، وہ ہمارے نفس کے اندر ہے۔ یہ سب سے مشکل جنگ ہے خاص طور پر تب جب آپ اتنا پیسہ دیکھیں، لالچ کبھی ختم نہیں ہوتی اور یہ قبر تک پیچھا کرتی ہے۔
ثنا خان کا مزید کہنا تھا کہ یہی وہ وقت تھا جب انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ "خطروں کے کھلاڑی” میں شرکت نہیں کریں گی۔ وہ جانتی تھی کہ اس شو میں بہت سارا پیسہ ہے لیکن وہ اس شو کو بالکل بھی نہیں کرنا چاہتی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے آپ کو بچانا چاہتی تھی اور میں وہاں قدم نہیں رکھنا چاہتی تھی کیونکہ انہوں نے اسکارف لینا شروع کر دیا تھا اور اگر میں وہاں جاتی تو اسکارف اتارنا پڑنا تھا اور ایسا میرے ساتھ اس سے پہلے 2018ء میں بھی ہوچکا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی سابقہ اداکارہ ثنا نے نومبر 2020 میں بھارتی شہر سورت سے تعلق رکھنے والے کاروباری اور مسلمان عالم انس صیاد سے شادی کی تھی جبکہ سابقہ اداکارہ بھی اپنا کاروبار کر رہی ہیں۔

عمران خان نے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں پر عدم اعتماد کر دیا

Back to top button