اداکارہ صنم بلوچ کی لمبے عرصے بعد نئے روپ میں واپسی
ماڈل و اداکارہ صنم بلوچ کافی عرصہ میڈیا سے دور رہنے کے بعد جیسے ہی دوبارہ واپس آئیں ان کی تصاویر نے مداحوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، اکثر مداح اداکارہ کو پہچاننے سے قاصر رہے، میک اپ آرٹسٹ نتاشا لاکھانی کی جانب سے شئیر کی جانے والی صنم بلوچ کی تصاویر اور ویڈیوز میں انہیں سیاہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جنہیں دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔
صنم بلوچ کی تصاویر دیکھنے کے بعد جہاں مداحوں نے ان کی خوبصورتی کی تعریفیں کیں، وہیں بعض لوگ ان کے بڑھے ہوئے وزن پر بھی حیران ہوئے، بعض لوگوں نے ان کی تصاویر پر کمنٹس کیے کہ ابتدائی طور پر تصاویر دیکھ کر یہی سوچا کہ تصویر میں نظر آنے والی خاتون صنم بلوچ کی ہم شکل ہیں، بس ان کا ذرا وزن زیادہ ہے۔ مداحوں کے مطابق صنم بلوچ وزن بڑھ جانے کی وجہ سے پہنچاننے میں نہیں آ رہیں، تاہم اس کے باوجود زیادہ تر لوگوں نے ان کی خوبصورتی، اداکاری اور لباس کی تعریفیں کیں۔
یاد رہے کہ صنم بلوچ اپنی شادی ناکام ہونے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور دکھائی دیتی ہیں، اداکارہ نے 2013 میں اداکار و میزبان عبداللہ فرحت سے شادی کی تھی اور 2018 میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔ عبداللہ فرحت نے اس معاملے پر کوئی بات نہیں کی تھی جبکہ صنم بلوچ نے مبہم انداز میں علیحدگی کی بات کی تھی، تاہم تاحال کھل کر اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی، اداکارہ نے اگست 2020 میں پہلی بار اپنی کم سن بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی، جس پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔
اداکارہ صنم بلوچ نے اکتوبر 2018 میں ‘اسپیک یوئر ہرٹ ود ثمینہ پیرزادہ’ میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کیریئر کا آغاز سندھی میڈیا سے بطور میزبان کیا، سندھی میڈیا میں کام کرنے کے دوران انہیں فہد مصطفیٰ نے کال کی کہ ان کے دوست کو ‘کلنک’ ڈرامے میں ایک معصوم لڑکی کا کردار ادا کرنے والی لڑکی کی تلاش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اداکاری کریں۔
صنم بلوچ نے بتایا کہ انہیں اپنی بڑی بہن نے مشورہ دیا کہ وہ اس کردار کو لازمی کریں، جس کے بعد ہی اداکاری میں قدم رکھنے سمیت اردو میڈیا میں کیریئر شروع کیا، اداکارہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ 6 زبانیں بولنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ساتھ ہی اپنے بچپن اور طالب علمی کے زمانے کے واقعات بھی سنائے، پروگرام میں صنم بلوچ نے اپنے خاندان سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والدین میں بھی اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی، جب وہ محض 3 سال کی تھیں۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ والدین کی علیحدگی کے بعد وہ 12 سال بعد اپنے والد سے ملیں، اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے صنم نے انہیں بہادر قرار دیا اور تسلیم کیا کہ ان کی والدہ کے دوسرے شوہر نے بھی انہیں سگے والد کی طرح پیار دیا، صنم بلوچ نے بتایا کہ وہ 6 بہن بھائی ہیں اور انکا نمبر پانچواں ہے۔