ایران پر پابندیاں درست وقت پر ہٹائیں گے، اسرائیل سے جنگ ختم ہو چکی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے، اور ایران پر عائد پابندیاں مناسب وقت پر اٹھا لی جائیں گی۔

وائٹ ہاؤس میں عشائیے کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی تین نیوکلیئر تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کی جنگ کا اختتام ہو چکا ہے اور امید ہے کہ ایران پر دوبارہ حملے کی نوبت نہیں آئے گی۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول طے کیا جا رہا ہے اور پابندیاں وقت آنے پر ختم کر دی جائیں گی۔

دوسری جانب، صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

دو ریاستی حل سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا، ’’میں نہیں جانتا، اس بارے میں نیتن یاہو سے پوچھیں،‘‘ جس پر اسرائیلی وزیر اعظم نے اس حل کی مخالفت کی۔

اسرائیل کو حملوں سے نا روکا گیا تو عالمی امن متاثر ہو سکتا ہے ،ایرانی وزیر خارجہ

جب فلسطینی شہریوں کی دیگر ممالک منتقلی کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنے ہمسایہ ممالک سے بھرپور تعاون حاصل ہے، اور اسرائیل کے ساتھ مل کر حاصل کی گئی کامیابیاں مستقبل میں مزید مثبت نتائج دیں گی۔

روسی صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے اظہارِ ناراضگی کیا کہ وہ اب تک یوکرین سے جنگ ختم نہیں کر سکے۔

صدر ٹرمپ نے یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان کیا، اور بتایا کہ امریکا بھارت کے ساتھ ایک اہم تجارتی معاہدے کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے دنیا بھر میں کئی تنازعات کو ختم کیا ہے، حتیٰ کہ پاک بھارت کشیدگی کو بھی تجارت کے ذریعے کم کیا۔

Back to top button