سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا اور 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنا ان کے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
سرفراز احمد نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ایک خواب کی تعبیر تھا۔ انہوں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور ٹیم میں اتحاد قائم رکھنے کی کوشش کی۔ سرفراز نے بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو دیکھنے پر فخر کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اپنے کیریئر میں سرفراز احمد نے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 6164 رنز بنائے، 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔ پاکستان کے لیے 100 بین الاقوامی میچز کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے ٹیم کو 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں رہنمائی دی اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک تک پہنچایا۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتا، اور حکومتِ پاکستان نے 2018 میں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی اور وہ کھیل کی خدمت جاری رکھیں گے۔
