ریٹائرمنٹ لینےکےبعدسرفرازاحمدکی محسن نقوی سے ملاقات

لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
چیئرمین پی س یبی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کے لیے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے کرکٹ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا اور اپنی قیادت میں قومی ٹیم کو کئی کامیابیاں دلائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ سرفراز احمد کی خدمات کی مقروض رہے گی اور مستقبل میں بھی ان کے تجربے اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جاتا رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں۔ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لیے خواب کی تعبیر تھا، میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا۔
