وزیرداخلہ سے سعودی سفیرکی ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات،پاک سعودی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

فریقین نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ سعودی عرب میں مقیم برما کے روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت کا مسئلہ بالآخر حل کرلیا گیا ہے۔

سعودی سفیر نے اس معاملے کے حل میں پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق اس اہم پیشرفت کو باضابطہ شکل دینے کے لیے اگلے ہفتے سعودی عرب میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات ہوئی۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ انہیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے ملک کے گہرے تعلقات پر فخر ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

Back to top button