سعودی عرب نےحج کیلئے ویزوں کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کر دیا

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کا اجرا 8 فروری سے شروع ہو جائے گا۔

وزارت کے مطابق اس سال ویزوں کے اجرا کا عمل معمول سے قبل شروع کیا جا رہا ہے تاکہ حج کے انتظامات بروقت مکمل ہوں اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزارت نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کے لیے تمام خدمات کے معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مکہ مکرمہ میں رہائش کے انتظامات بھی نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق اب تک تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، اور مزید 30 ہزار عازمین نے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بک کروا لیے ہیں۔

وزارت نے کہا کہ ویزوں کے اجرا کا یہ ابتدائی مرحلہ حج 2026 کی پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد انتظامات کو منظم بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

Back to top button