سعودی عرب نے فیلڈ مارشل کو کنگ عبدالعزیز آرڈر آف دی فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نواز دیا

 

 

 

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز آرڈر آف دی فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نواز دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملنے والا کنگ عبدالعزیز آرڈر آف دی فرسٹ کلاس ایوارڈ کا اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک تعلقات اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل کو اعزاز ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیاگیا،اعزاز علاقائی امن و استحکام کےلیے خدمات،انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہےکہ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور سٹریٹجک وژن کو سراہا،سعودی قیادت نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز دیے جانے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کی علامت قراردیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی،استحکام اورخوش حالی کےلیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

 

Back to top button