ایران پرحملےکیلئےٹرمپ پردباؤ نہیں ڈالا،سعودی سفارتخانےکی امریکی اخبارکی تردید

واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے نے امریکی اخبار میں شائع خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران پر حملوں کے لیے ٹرمپ پر دباؤ نہیں ڈالا۔
واشنگٹن میں سعودی سفارتخانےکی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ مملکت نے ہمیشہ ایران کے ساتھ قابل اعتماد معاہدے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
ترجمان سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی عرب نےکسی بھی مرحلے پرامریکی انتظامیہ پرپالیسی تبدیل کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکی انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ایران آئندہ دہائی میں براہ راست امریکی سرزمین کے لیے فوری خطرہ نہیں تھا۔
ایران پر حملے کے بعد اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی زمینی افواج ایران میں داخل نہیں ہوں گی، بلکہ فضائی اور میزائل حملوں کے ذریعے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
تاہم امریکی اخبار کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف فضائی طاقت کے ذریعے کسی ملک کے اندرونی سیاسی نظام کو تبدیل کرنا تاریخی طور پر مشکل رہا ہے۔
