وزیراعظم سےسعودی وزیر خارجہ کی ملاقات،خطےکےامن واستحکام پرتبادلہ خیال

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اعلامیےکے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔
اعلامیےکے مطابق وزیر اعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا، وزیراعظم نےموجودہ بحران کےدوران سعودی عرب کےغیرمعمولی تحمل کو سراہا، وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گفتگوکا حوالہ بھی دیا۔
وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، فیصل بن فرحان کو امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اعلامیےکے مطابق وزیر اعظم نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیا اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگرکیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا اور خطے کی صورتحال پر اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔
اعلامیےکے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کےلیے مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دفترمیں مہمان وزرائے خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
