سعودی نیول سربراہ کو نشان پاکستان سے نوازدیاگیا

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان (ملٹری) کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اعزاز وائس ایڈمرل الغریبی کو پاکستان بحریہ اور سعودی بحریہ کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کے فروغ، اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
اس مناسبت سے ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک افواج کے اعلیٰ افسران اور سعودی سفیر نوّاف سعید المالکی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب کے بعد سعودی نیول چیف نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے انہیں اعزاز ملنے پر مبارک باد دی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی حمایت پر پاکستانی قوم اور حکومت دل سے شکر گزار ہے۔
صدرِ مملکت نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فروری 2025 میں منعقد ہونے والی مشترکہ مشقوں "امن-25” اور "امن ڈائیلاگ-25” میں سعودی بحریہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے اسے بحری تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی، خوشحالی اور مثبت تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے رائل سعودی نیول فورسز کی جانب سے پاکستان نیوی کے تربیتی نظام پر اعتماد کا خیر مقدم کیا اور دونوں بحری افواج کے درمیان تربیتی اشتراک کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر صدرِ مملکت نے وائس ایڈمرل الغریبی سے درخواست کی کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی طرف سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات کے اعادے پر زور دیا۔
