سپریم کورٹ: پنجاب حکومت نے عمران خان ، بشریٰ بی بی کی ضمانت کیخلاف اپیلیں واپس لے لیں

سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف دائر اپیلیں واپس لے لی ہیں۔جبکہ سائفر کیس میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ہدایات ہیں کہ ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس کی جائیں، جس پر عدالت نے اپیلیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔
سپریم کورٹ میں سائفر اپیل کیس بھی بغیر کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق اس کیس کے لیے تفصیلی فیصلہ ابھی جمع نہیں کرایا گیا، اور عدالت نے مہلت دینے کا کہا۔
کیا سپریم کورٹ طبی بنیادوں پرعمران کی رہائی کاراستہ بنارہی ہے؟
اس دوران بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر پہنچ گئے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا کہ وہ کورٹ میں تھے اور انہیں اس کیس میں نوٹس نہیں ملا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ اگر چاہیں تو آپ کو نوٹس دیا جا سکتا ہے، تاہم ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ اپیل قابل سماعت ہے یا نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے تفصیلی فیصلہ جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔
