فیس بک کا ٹوئیٹر کو ٹکر دینے کیلئے نئے پلیٹ فارم پر کام کا آغاز

فیس بک کے ایک ہی ڈیزائن کے پیج کو استعمال کرتے بور ہونے والے صارفین کیلئے خوشخبری ہے کہ فیس بک نے پیج کو دلچسپ بنانے کے لیے ٹوئیٹر کی طرح جدید پلیٹ فارم متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل میٹا نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے فیچرز متعارف کرائے تھے، تاہم وہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے، اب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ماہرین ٹوئٹر جیسا پلیٹ فارم بنانے میں مصروف ہیں، تاہم ابھی ان کا کام ابتدائی مراحل میں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق میٹا کے ترجمان نے بیان میں تصدیق کی کہ کمپنی ڈی سینٹرلائیزیشن ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم بنانے پر کام کر رہی ہے، ترجمان کے مطابق پلیٹ فارم پر کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے پیش کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے پلیٹ فارمز نے خبر دی تھی کہ فیس بک کی مالک کمپنی ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ بنانے میں مصروف ہے، مختلف ٹیکنالوجی ویب سائٹس نے اپنی رپورٹس میں بتایا تھا کہ میٹا کے ماہرین کی ٹیم کی سربراہی انسٹا گرام بنانے والے شخص کر رہے ہیں اور ماہرین کو مارک زکربرگ نے تیزی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے بنائی جانے والی ویب سائٹ بلکل ٹوئٹر جیسی نہیں ہوگی، تاہم اس کے مرکزی فیچرز ٹوئٹر جیسے ہی ہوں گے، میٹا پہلے ہی دوسرے پلیٹ فارمز کے فیچرز کاپی کرنے کی وجہ سے بدنام ہے، فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر کئی ایسے فیچرز پیش کیے جا چکے ہیں جو کہ پہلے دوسرے پلیٹ فارمز جیسا کہ ٹوئٹر، اسنیپ چیٹ اور ٹک ٹاک کا حصہ تھے۔
فیس بک کی جانب سے پلیٹ فارم آئندہ سال تک متعارف کرایا جائے گا اور ممکنہ طور پر پلیٹ فارم ٹوئٹر کو سخت ٹکر دے گا، رپورٹس کے مطابق اس وقت میٹا جس پلیٹ فارم کو تیار کرنے میں مصروف ہیں، اس کا کوڈنگ نام ’پی 92‘ ہے لیکن اس کا اصلی نام کچھ اور رکھا جائے گا۔
