پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 47 رنز سے شکست
انگلینڈ نے خلاف پاکستان کو ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلے جا رہے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 152 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں اننگز کی شکست سے بچنے کےلیے مزید 116 رنز درکار تھے۔
گزشتہ روز ساتویں وکٹ کے لیے 69 رنز جوڑنے والے عامر جمال اور آغا سلمان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور جلد ہی سلمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
آغا سلمان نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور عامر جمال کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز جوڑے جس سے ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ میچ میں اپنی دوسری سنچری بنانے میں بھی کامیاب رہیں گے لیکن جیک لیچ کی ایک اندر آتی گیند انہیں چکمہ دے گئی اور وہ یوں ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
آغا سلمان نے 63 رنز کی باری کھیلی اور پاکستان کی ٹیم 191 رنز پر ساتویں وکٹ گنوا بیٹھی۔
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کے والد انتقال کرگئے
دوسرے اینڈ پر موجود عامر جمال نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی جس کی بدولت پاکستان کی اننگز کی شکست سے بچنے کی موہوم سی امید پیدا ہوئی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
شاہین شاہ آفریدی کو کریز پر آتے ہی ایک موقع ملا جب انگلش فیلڈر ان کا کیچ نہ تھام سکے لیکن فاسٹ باؤلر اسموقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور 10 رنز بنا کر چلتے بنے۔
انگلینڈ کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 220 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور انگلینڈ نے میچ میں اننگز اور 47 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔