دوسرا ون ڈے:شاہینوں نے کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان اورآسڑیلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، جس کے بعد سریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 50 اوورز میں آسٹریلوی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے بین میکڈرموٹ نے کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 104 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس لبوشین 59، مارک اسٹونس 49، ایلکس کیری 5 رنز بناسکے جبکہ اننگز کے اختتامی لمحات میں شان ایبٹ نے 16 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اب تک شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد وسیم جونئیر نے دو جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
349 رنز کےہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے 118 رنز کا آغاز فراہم کیا، زمان 67 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم کپتان بابراعظم نے امام کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کی شراکت میں 111 رنز جوڑے، امام الحق 106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 23، خوشدل شاہ 27 اور افتخار احمد نے 11 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا 2 جبکہ نتھین ایلس اور مارک اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہےکہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں مہمان ٹیم آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود جبکہ آسٹریلوی ٹیم میں
ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرمٹ، مارنس لبوشین، مارکس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور مچل سویپسن شامل ہیں۔