پنجاب میں دفعہ 144 میں 7 روز کی توسیع کردی گئی

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔

پنجاب میں احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کی توسیع 15 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ اسلحے کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر کیا ہے۔

تاہم شادی کی تقریبات، جنازے، تدفین، عدالتی کارروائی اور سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکاروں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاؤڈاسپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عوامی احتجاج یا جلوس دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں، اس لیے احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ عوام کو پابندیوں سے آگاہ رکھا جا سکے۔

Back to top button