بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ردالفتنہ-1 مکمل،216 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردّالفتنہ-1 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا، جس کے دوران 216 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر اور مربوط کارروائیوں کے تحت انجام دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گرد عناصر کا مقصد معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن و ترقی کو نقصان پہنچانا تھا۔ 29 جنوری 2026ء کو قابلِ اعتماد انٹیلی جنس کے ذریعے پنجگور اور ہرنائی کے مضافاتی علاقوں میں کارروائیاں شروع کی گئیں، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی سے مقامی آبادی کو سنگین خطرات لاحق تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائیوں نے فتنہ الہندوستان کی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

بیان کے مطابق مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کیے گئے۔ منصوبہ بندی اور مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورک کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

آپریشن کے دوران غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس سے دہشت گردوں کو بیرونی معاونت اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کے شواہد سامنے آئے۔

Back to top button