سیکیورٹی فورسز کا بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 22 خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن فتنۂ خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد شروع کیا گیا۔ فورسز نے انتہائی مؤثر حکمتِ عملی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 22 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی سرپرستی یافتہ مزید خوارج کی تلاش کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، اور سکیورٹی ادارے دشمن نیٹ ورکس کے انہدام کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بیرونی مدد اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل سدِباب ہماری ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں فتنۂ خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 22 دہشت گردوں کی ہلاکت ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Back to top button