کوہاٹ کے علاقے لاچی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،6 دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ کے نواحی علاقے لاچی میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق سکیورٹی اداروں کو علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ حکام کے مطابق جب نفری نے علاقے کو گھیرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چھ دہشتگرد مارے گئے۔ ڈی پی او کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ضلع لکی مروت میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔
