قلات،سکیورٹی فورسز کاآپریشن،8 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں بھارتی اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید چار دہشت گرد ہلاک کیے گئے اور ایک اور ٹھکانے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس مرحلے پر بھی بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ دشمن کے ایجنٹوں کے خلاف جاری کارروائیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک کا چپہ چپہ دشمن عناصر سے محفوظ رکھا جائے گا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں فتنۃ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا ہے، اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قوم متحد ہے اور دہشتگردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں دشمن کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اور ایک ایک دہشت گرد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Back to top button